گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پنجاب یونیورسٹی کے طلبا کے وفد کی ملاقات

93

لاہور۔19نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب/چانسلر سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کے طلبا کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں جامعہ پنجاب کی مختلف طلبا سوسائٹیوں کے عہدیداران شامل تھے۔ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماء فیصل میر،پی ایس ایف پنجاب انفارمیشن سیکرٹری سبط حسن،ممبر پنجاب ایگزیکٹو احسن رضوی اور سابق صدر پی ایس ایف لاہور منصور کٹاریہ موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں انہیں بہترین تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کا پہلو بھی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کا سب سے اہم مقصد اپنے اندر برداشت پیدا کرنا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعات میں صاف ستھرا ماحول فرا ہم کرنا ادارے کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ طلبا کو چاہئے کہ وہ تحقیق اور اختراع پر خصوصی توجہ دیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی طلبہ یونین کے الیکشن کی ہمیشہ حامی رہی ہے۔طلبا یونینز بحال ہونی چاہئیں،یونینز طلبا میں قائدانہ صلاحتیں اور سیاسی شعور پیدا کرتی ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ طلبہ یونینز کا مقصد طلبہ کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ اپنے مسائل حل کر سکیں،ماضی میں طلبا یونینز نے ملک کو بہترین سیاستدان دیئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ میں نے بھی سیاست کا آغاز کالج کی طلبا یونین سے ہی کیا تھا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ ملک اس وقت کسی بھی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا،نوجوان نسل نے جلا ئو گھیرا ئو کی سیاست کو یکسرمسترد کر دیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کی امید ہیں جو ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔گورنر پنجاب نے طلبہ کو درپیش مختلف مسائل سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔