اسلام آباد۔20نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات اور ایک محفوظ اور پرورش کرنے والا ماحول فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے تاکہ بچےاپنی مکمل صلاحیتوں کو حاصل کر سکیں اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں،عالمی یوم اطفال ہمیں اس اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے کہ ہم بلا تفریق ہر بچے کے حقوق کے تحفظ اور تکمیل کو یقینی بنائیں۔
بدھ کو پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج عالمی یوم اطفال کے موقع پر میں پاکستان کے بچوں کے حقوق، فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہوں، یہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار اور قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے کہ ہم بلا تفریق ہر بچے کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات ، محفوظ اور پرورش کرنے والا ماحول فراہم کریں تاکہ وہ اپنی مکمل صلاحیتوں کے ساتھ معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے بچوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں جیسے دانش سکولز کا قیام جو دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں کم وسیلہ بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں، ان سکولز نے بے شمار بچوں کی زندگیاں بدل دیں اور انہیں روشن مستقبل کی راہ دکھائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت وسائل کو متحرک کرکے خواندگی کی شرح میں اضافہ، سکولوں کی تعمیر نو اور بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنا ئی جارہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کمیونٹی آئوٹ ریچ اور خاندانوں کو بچوں کو سکول بھیجنے کی ترغیب دینے کے لئے خصوصی مہمات کے ذریعے سکول نہ جانے والے لاکھوں بچوں کے داخلے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غذائی قلت کو دور کرنے اور تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے کے لئے حکومت نے سرکاری سکولوں میں غذائیت کا پروگرام متعارف کیا ہے تاکہ بچوں کو صحت مند کھانا ملے جو ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں معاون ہو۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تمام تر اقدامات اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ ہم ا پنی نوجوان نسل کی نشوونما اور خوشحالی کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں والدین، اساتذہ، سول سوسائٹی اور پالیسی سازوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مل کر ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر بچے کی اہمیت ہو اور وہ خود کو محفوظ اور قیمتی محسوس کرے۔انہوں نے کہا کہ عالمی یوم اطفال کے موقع پر آئیں ہم عہد کریں کہ اپنے بچوں کو قومی ترجیحات میں اولیت دیں گے اور ایک ایسا مستقبل یقینی بنائیں گے جہاں وہ عزت، برابری اور امید کے ساتھ پروان چڑھ سکیں۔