فیصل آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی):ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے صدرریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ پاکستان کی مستحکم معاشی ترقی کیلئے کاروباری سرگرمیوں کا فروغ اشد ضروری ہے جس کیلئے صنعتی، تجارتی، کاروباری شعبے سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی لازمی ہے تاکہ وہ روائتی سوچ سے ہٹ کر جدت کو فروغ دینے اور نئی مصنوعات متعارف کروانے کی جانب راغب ہو سکیں۔
بزنس کمیونٹی کے ایک وفد سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی مسائل سے چھٹکارہ دلانے کا واحد حل صنعتی و تجارتی سر گرمیوں کا فروغ ہے اسلئے ملک میں ایسے حالات یقینی بنائے جانے چاہئیں جس کے باعث کاروباری و صنعتی و تجارتی شعبہ سے وابستہ افراد مشکل ترین حالات میں بھی ملکی اقتصادی و معاشی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی، کاروباری، تجارتی شعبہ کو مناسب سہولیات فراہم کر کے معجزانہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو بڑے شہروں کی طرح چھوٹے شہروں پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کرنا ہو گی تاکہ ان علاقوں میں بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے سے عوام کا معیار زندگی بلند اور غربت و بیروزگاری کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے ملک میں انٹر پرینیور شپ کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔