لاہور۔27نومبر (اے پی پی):وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ رینجرز اور پولیس کے شہید جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ،پنجاب،سندھ اور بلوچستان کی عوام نے پی ٹی آ ئی کی کالز کو مسترد کر دیا،کوئی انقلاب اتنی جلدی نہیں بھاگا جتنی جلد اسلام آ باد میں بھاگا، پی ٹی آئی احتجاج سے پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں ڈی جی پی آ ر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔عظمی بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی احتجاج میں رینجرز اور پولیس کے 4 جوان شہید جبکہ171 پولیس اہلکار زخمی ہو ئے ہیں،شہید جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ، احتجاج کے دوران پنجاب پولیس کی22 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کی قیادت احتجاج سے منہ چھپا کر بھاگ گئی،کچھ دیر تو وہاں کھڑے رہتے اور انقلاب کا انتظار کرتے لیکن بھاگنے والوں کو بھاگنے کے راستے مل ہی جاتے ہیں،مشہور زمانہ انقلاب اسلا م آ باد کی سٹرکوں پر دوڑتے ہوئے فرار ہو گیا،پی ٹی آئی کے ورکرز کھڑے رہے لیکن باجی بھاگ گئی،دنیا کی تاریخ میں کوئی انقلاب اتنی جلدی نہیں بھاگا ۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی ہو یا 24 نومبر ان کا احتجاج ناکام ہوا،پی ٹی آ ئی پنجاب کے 104 ایم پی ایز بھی باہر نہیں نکلے،پی ٹی آ ئی نے 5 بار احتجاج کی کال دی لیکن پنجاب کے لوگ نہیں نکلے،اس سلسلے میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
عظمی بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کہا گیا کہ بشری بی بی ملک بچانے نکلی ہے لیکن بشری بی بی بضد تھیں کہ نہیں میں اپنے میاں کیلئے نکلی ہوں،بشری بی بی نے لوگوں سے وعدے لئے اور انہیں اکسایا،اس کیلئے کنٹینر میں ہر آ سائش موجود تھی لیکن احتجاج میں لوگوں کے بچوں کو کھانا تک نصیب نہیں ہوا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے وفاق پر یلغار کرنے کی ناکام کوشش کی،پنجاب کے ساتھ سندھ اور بلوچستان کی عوام نے بھی پی ٹی آ ئی کو مسترد کر دیا،سنا ہے بانی پی ٹی آ ئی نے سنگجانی میں جلسے کی اجازت دی تھی،دہشت گردوں سے حکومت کوئی مذاکرات نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آ باد میں احتجاج کے دوران علی امین گنڈا پور کو کارکنوں کی طرف سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا،اس نے ایک موقع پر ماضی کی طرح احتجاج سے کسی کام پر جانے کیلئے کارکنوں سے کہا تو کارکن اس کا تعاقب کرنے لگے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج میں پی ٹی آ ئی کی لاہور کی لیڈر شپ کہاں تھی،احتجاج سے پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان ہوا،بانی پی ٹی آ ئی نے اکثر اپنے جلسوں میں کہا تھا کہ بشری بی بی ایک گھریلو خاتون ہیں اور اس کا سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں حالانکہ وہ گھریلو خاتون3 دن تک کنٹینرز پر دندناتی رہیں۔
اشیا خورونوش کی قیمتوں کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طلب اور رسد میں فرق کی وجہ سے اشیا ئے خورونوش کی قیمتوں میں اتار چڑھائو ہو رہا ہے،حالانکہ پنجاب میں کسی قسم کی اشیائے خورونوش کی کوئی قلت نہیں ہو ئی،وزیر اعلی مریم نواز گھریلو استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کو اپنی سطح پر لانے کے لئے دن رات محنت کر رہی ہیں اور اس سلسلے میں پرائس کنٹرو ل کمیٹیاں پوری طرح فعال ہیں ۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج میں پکڑے گئے افغان شہریوں کا ریکارڈ جلد سامنے آجائے گا اور خیبر پختونخواہ کے نوجوانوں کو شر پسندی پر ورغلانے والوں کا بھی سراغ لگا کر قانون کے مطابق سزا دلوائی جا ئے گی ۔