انتشاری جتھے كو حکمت عملی سے بهگانے پر وزیر داخلہ محسن نقوی كو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ

83
انتشاری جتھے كو حکمت عملی سے بهگانے پر وزیر داخلہ محسن نقوی كو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ

سکھر۔ 27 نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر برائے توانائی ، منصوبہ بندی و ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ انتشاری ٹولے کا کام انتشار پھیلانا ہے ، یہ لوگ تین دن میں اسلام آباد پہنچے ، تین منٹ میں بھاگ گئے ۔ یہ ایک فلاپ شو تھا، اپنے رہنما کو رہائی دلانے آئے تھے ، کارکنان کو گرفتار کرا کر بھاگ گئے ۔ پی ٹی آئی اور اس کے بانی کو صرف عدالتوں سے ریلیف مل سکتا ہے ، جھتے لیکر دارلخلافہ پر حملہ کرنے اور کفن دفن کی باتوں سے کوئی حل نہیں نکلے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے تاثر دے رہے تھے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکال کر پرائم منسٹر ہاؤس میں جاکر حلف لیں گے ایسا کچھ بھی نہیں ہوا ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے تحمل سے معاملے کو کنٹرول کیا۔ حکومت نے انہیں احتجاج ریکارڈ کروانے کے لیے جگہ بھی دینے کی پیشکش کی لیکن میں نا مانوں والی بات ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت نے وفاقی دارالحکومت کوانتشاری ٹولے سے لمحوں میں خالی کرا دیا ۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے گمراہ کیا گیا ہے ، اب صورتحال سب کے سامنے ہے۔ سندھ ، پنجاب ، بلوچستان سے کتنے لوگ اسلام آباد گئے ، سکھر اتنا بڑا شہر ہے یہاں سے کتنے لوگ اسلام آباد گئے۔ انہوں نے کہا کہ انتشاری جھتے میں بیرون ملک کے کرائے کے لوگ بھی شامل تھے ، جن میں دہشتگرد بھی تھے۔خیبرپختونخوا کے تمام وسائل انتشار پھیلانے پر خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے ، خدارا ملک کو ترقی کرنے دیں ۔ پی ٹی آئی 2029 کا انتظار کرے ، اگر یہ لوگ اس طرح کی حرکتیں کرتے رہے تو ان کا کوئی مستقبل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی بیلاروس کے صدر اسلام آباد میں موجود ہیں ، جوکہ اپنے ساتھ سرمایہ کاروں کا بڑا وفد لائے ہیں ۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ذاتی طور پر وہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنے کے حق میں نہیں لیکن خیبرپختونخوا میں جو امن امان کی صورتحال ہے اس پر وفاقی حکومت کو کچھ نہ کچھ کرنا پڑے گا ۔

خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ اپنے صوبے کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے بجائے ملک میں انتشار پھیلانے میں مصروف ہیں اور صوبے کے تمام وسائل انتشار پیدا کرنے پر خرچ کر رہے ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے معاملات پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی نہ پہلے سودے بازی کی ہے اور نہ ہی آئندہ کرینگے،

پیپلز پارٹی ہی ہے جو سندھ کے ہر معاملے پر کھڑی رہتی ہے، کالا باغ ڈیم کے معاملے پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خود دھرنا دیا ، اب بھی ہماری قیادت کی طرف سے واضح موقف ہے کہ ایسی کوئی چیز بننے نہیں دینگے جو سندھ کے خلاف ہو۔

اس سے قبل سکھر پریس کلب کی جانب سے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ کی سالگرہ تقریب منعقد کی گئی جس میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاھ، ڈی سی سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو، ڈپٹی میئر سکھر ڈاکٹر ارشد مغل، تقی دھاریجو، وکلا رہنما قربان ملانو، سماجی رہنما شاہستہ کھوسو سمیت پیپلز کے ٹائون چیئرمین، کارکنوں، سکھر روھڑی کے صحافیوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاھ نے سکھر پریس کلب کے روح رواں لالا اسد پٹھان اور صدر آصف ظہیر لودھی کے ہمراہ سالگرہ کا کیک کاٹا۔