لاہور۔27نومبر (اے پی پی):عالمی ادبی ادارہ خیال و فن اور توقیر ادب لاہور کے زیر اہتمام معروف شاعر و ادیب اکرم سحر فارانی کی دو کتابوں "دیوان سحر” غزلوں اور نظموں کا مجموعہ اور "منظوم معجزات ” (انگریزی ترجمہ مہ جبیں ملک ) کی تقریب رونمائی پلاک لاہور میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت ملک کے معروف شاعر باقی پوری نے کی ۔
کتابوں پر مضامین ممتاز شاعر توقیر احمد شریفی ‘ڈاکٹر شاہد شریف،رابعہ رحمان زرقا نسیم،ممتاز احمد لاہوری اور پروفیسر مرزا نے پڑھے، جس میں شعرا ادیبوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے دونوں کتابوں پر تجزیے پیش کئے اور کہا کہ اکرم سحر فارانی کی شاعری منفرد شاعری ہے جس میں اہم موضوعات اور معاشرتی پہلووں کو خوب صورت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
ان کی غزلوں اور نظموں کے موضوعات اپنے اندر انفرادیت رکھتے ہیں ۔ اگرچہ انھوں نے پولیس میں ملازمت کی ہے لیکن ان کی شاعری میں ردیف و قافیہ کا اہتمام بہت اچھے انداز سے کیا گیا ہے ،منظوم معجزات میں حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے معجرات کو مہ جبیں ملک نے انگریزی میں ترجمہ کر کے اکرم سحر فارانی کی انفرادیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
اس موقع پر ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز شاعر توقیر احمد شریفی نے کہا کہ اکرم سحر فارانی کی شاعری موجودہ دور کے معاشرتی مسائل کی عکاسی کرتی ہے،ان کی شاعری اور نعتیں پڑھ کر پتا چلتا ہے کہ اکرم سحر فارانی عاشق رسول ہیں، مصنف اکرم سحر فارانی نے اپنی غزلوں اور نظموں کے اہم موضوعات میں چند ایک شعر حاضرین کو سنائے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=529393