ڈپٹی کمشنر کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ ،مرد و خواتین قیدیوں کی بیرکس کا معائنہ کیا

105
ڈپٹی کمشنرمحمداشرف کا ڈسٹرکٹ جیل بھکر کا دورہ

بھکر۔۔۔۔ 28 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرمحمداشرف کا ڈسٹرکٹ جیل بھکر کا دورہ۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل زمرد بانو بھی انکے ہمراہ تھیں۔ڈپٹی کمشنر نے جیل کے تفصیلی دورہ کے دوران مردوخواتین قیدیوں کی بیرکس کامعائنہ کیااوروہاں پر قیدیوں کو فراہم کی گئی سہولیات،خوراک، پینے کے پانی،علاج معالجہ اورفلاح وبہبود کے دیگر انتظامات کاجائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنرنےخواتین قیدیوں کی بیرکس کے معائنہ کے دوران جیل انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ خواتین قیدیوں کوجیل میں سلائی کڑھائی کی مکمل تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ رہاہونے کے بعد معاشرہ کی کارآمد اورہنر مند شہری بن سکیں۔

انہوں نے کہاکہ قیدیوں کی فلاح وبہبود اوراصلاح میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور تمام قیدیوں کوسردی سے بچاؤ کیلئے گرم کمبلوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنرنے جیل ڈسپنسری کے معائنہ کے دوران قیدیوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود ڈاکٹر کو ہدایات جاری کیں کہ مریضوں کو ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے مزیدکہا کہ جیل انتظامیہ کی نشاندہی پر سہولیات میں اضافہ کیلئے ہرممکن وسائل فراہم کیے جائیں گے۔