اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن ، 5 ملزمان گرفتار،197 کلو گرام منشیات برآمد

117
Anti-narcotics operations
Anti-narcotics operations

راولپنڈی۔29نومبر (اے پی پی):اے این ایف نے منشیات سمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں جاری کریک ڈاؤن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 کارروائیوں میں 5 ملزمان گرفتارکر لئے ۔

اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری تفصیلات کے مطابق انسداد منشیات کارروائیوں میں 1 کروڑ 44 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 197 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سعودی عرب روانہ ہونے والے مسافر کے پیٹ سے 49 ہیروئین بھرے کیپسول برآمد کئے گئے۔

چکلالہ، راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 32 گرام ویڈ برآمد کی گئی۔ کوئٹہ میں کچلاک روڈ پر گاڑی سے 20 کلوگرام چرس برآمد کر کے4 ملزمان گرفتار کئے گئے۔

پشین کے علاقے سرانان میں واقع گھر میں سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 176 کلو 400 گرام چرس برآمد کی گئی۔اے این ایف ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔