سپیکر قومی اسمبلی کے دورہ ماسکو کا مقصد پارلیمانی تبادلوں کے ذریعے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

120
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اپنے روسی ہم منصب روسی فیڈریشن کے سٹیٹ ڈوما کے چیئرمین ولوڈن ویاچسلاو وکٹورووچ کی خصوصی دعوت پر ماسکو کے سرکاری دورے پر ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر نے ماسکو میں ڈوما کے چیئرمین ولوڈن ویاچسلاو وکٹورووچ، فیڈریشن کونسل کی چیئرپرسن ویلنٹینا ماتویینکو، ڈوما کے وائس چیئرمین الیگزینڈر باباکوف اور مفتی اعظم کی کونسل کے نائب چیئرمین دمیر مقتدینوف کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔

ترجمان نے کہا کہ اس دورے کا مقصد پارلیمانی تبادلوں کے ذریعے دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور وسعت دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈوما اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے درمیان پارلیمانی تعاون اور تبادلوں کو وسعت دینے کے حوالے سے ایم او یو پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔