صوبے میں آگ لگی ہے، صوبائی حکومت آگ بجھانے کی بجائے اسلام آباد جاکر آگ لگانے میں مصروف ہے، گورنر خیبر پختونخوا

80

پشاور۔ 29 نومبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں آگ لگی ہے، صوبائی حکومت آگ بجھانے کی بجائے اسلام آباد جاکر آگ لگانے میں مصروف ہے، کرم کے حالات انتہائی تشویشناک ہیں، اٹھارویں ترمیم کے بعد قیام امن صوبہ کی ذمہ داری ہے۔ ولی باغ چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اکتوبر سے کرم کے حالات خراب ہیں اور صوبائی حکومت کا سربراہ کبھی وہاں نہیں گیا۔

میں جلد ہی سیاسی لیڈر شپ کے ساتھ کرم جاؤں گا، میں وزیراعلیٰ کو دعوت دیتا ہوں آئیں ہم سب مل کر صوبہ کے امن کےلیے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کریں اور آئیں کرم بھی اکھٹے جاتے ہیں ۔ آل پارٹیز کانفرنس میں ہم متحد ہوکر صوبہ کا مقدمہ لیکر وزیراعظم اور وفاقی حکومت کے سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنما بھاگ گئے، کبھی کوئی لیڈر پی ٹی آئی کا نہیں پکڑا جاتا، ورکرز پکڑے جاتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ میرا یہاں آنے کا مقصد آل پارٹیز کانفرنس ہے ، عوامی نیشنل پارٹی کی اس صوبہ میں قربانیوں اور سیاسی جدوجہد کے حوالہ سے تاریخ ہے ان کا ہمارا دیرینہ ساتھ رہا ہے ، ہم سب سیاسی جماعتوں کو متحد کررہے ہیں ۔