تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 5ماہ میں 7.4فیصد،نومبرمیں 18.6فیصدکی کمی ریکارڈ

119

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے 5ماہ میں سالانہ بنیادوں پر7.4فیصداورنومبرمیں ماہانہ بنیادوں پر18.6 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

پاکستان ادارہ شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے نومبر 2024تک کی مدت میں پاکستان کے تجارتی خسارہ کا حجم 8.651 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 7.4 فیصد کم ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک کے تجارتی خسارہ کاحجم9.340 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا،نومبرمیں تجارتی خسارہ کاحجم 1.589ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا جواکتوبرمیں 1.586ارب ڈالراورگزشتہ سال نومبرمیں 1.952ارب ڈالرتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 5ماہ میں ملکی برآمدات کاحجم 13.691 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 12.163ارب ڈالرکے مقابلہ میں 12.6 فیصدزیادہ ہے،نومبرمیں برآمدات سے ملک کو2.804 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ سال نومبرکے 2.573 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 9 فیصد زیادہ ہے، اکتوبر کے مقابلہ میں نومبر میں ملکی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر6فیصدکی کمی ہوئی ہے۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 5ماہ میں ملکی درآمدات کاحجم 22.342 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 21.503 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 3.9 فیصد زیادہ ہے، نومبر 2024 میں درآمدات پر4.393 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ سال نومبرکے 4.525 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.9 فیصد کم ہے۔ اکتوبرکے مقابلہ میں نومبر میں ملکی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر3.8 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔