وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے کا رات گئے دورہ،سرینا چوک اور جناح ایونیو ایف نائن انٹرچینجز منصوبوں کا جائزہ لیا

111
عوام کوبہترین سفری سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے، محمد علی رندھاوا

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے نےڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے کے متعلقہ افسران کے ہمراہ رات گئے سرینا چوک اور جناح ایونیو F-9 انٹرچینج کا دورہ کیا۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبوں پر جاری تعمیراتی کاموں میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔سائٹس پر جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کے حوالے سے متعلقہ حکام نے چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ دی جس میں بتایا گیا کہ سرینا چوک انٹرچینج منصوبے میں 2 انڈر پاسز اور رابطہ سڑکیں جبکہ جناح ایونیو انٹرچینج منصوبے میں فلائی اوور، انڈر پاس اور رابطہ سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں،تمام سرگرمیاں ٹائم لائنز اور شیڈول کے مطابق تیزی سے جاری ہی،منصوبوں کے تمام حصوں پر بیک وقت 24/7 تعمیراتی کام کیا جارہا ہے۔

سرینا چوک کے سہروردی انڈر پاس پر چھت مکمل جبکہ سری نگر انڈر پاس کی پائلز اور گرڈرز کی کاسٹنگ کا 60 فیصد سے زائد کام مکمل کیا جاچکا ہے، جناح ایونیو انٹرچینج منصوبے میں شامل فلائی اوور اور انڈر پاس پر بیک وقت کام جاری ہے۔ جناح ایونیو انٹرچینج میں پائلز کا کام تیزی سے جاری ہے،52 میں سے 44 پر کام مکمل ہو چکا ہے۔جناح ایونیو انٹرچینج کے انڈر پاسں کی دیواریں اور بیڈ کا 70 فیصد کام بھی مکمل ہو چکا ،فلائی اوور اور انڈر پاس کے گرڈز بھی تیار ہیں جن کی کاسٹنگ بھی جلد شروع کی جائے گی۔

چئیرمین سی ڈی اے نے منصوبوں پر اب تک کئے گئے تعمیراتی کاموں پر اظہار اطمینان کیا۔انہوں نے ہدایات دیں کہ دونوں منصوبوں کو ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔منصوبوں کے مختلف حصوں میں بیک وقت تعمیراتی کام کر کے رفتار میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کام کی رفتار کے ساتھ تعمیراتی کام کے اعلیٰ معیار کو بھی یقینی بنایا جائے، کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، کنسلٹنٹ اور ریذیڈنٹ انجینئر سائٹس پر تعمیراتی کام کے اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔