بینکوں کے ڈیپازٹس، سرمایہ کاری اور مختصر مدت کے قرضوں میں اکتوبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر اضافہ

91
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):بینکوں کے ڈیپازٹس، سرمایہ کاری اور مختصر مدت کے قرضوں میں اکتوبر کے دوران ماہانہ بنیادوں پر اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے اختتام پر بینکوں کے مجموعی کھاتوں کا حجم 31 ہزار 116 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ میں 17.9 فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ سال اکتوبر کے اختتام پر بینکوں کے مجموعی کھاتوں کا حجم 26 ہزار 398 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ستمبر کے مقابلہ میں اکتوبر میں بینکوں کے ڈیپازٹس میں ماہانہ بنیادوں پر 0.7 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

ستمبر کے اختتام پر بینکوں کے مجموعی کھاتوں کا حجم 31 ہزار 342 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ سٹیٹ بینکوں کے مطابق اکتوبر 2024ء کے اختتام پر بینکوں کے قلیل المدتی قرضوں کا حجم 13 ہزار 779 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ میں 15.8 فیصد اور ستمبر کے مقابلہ میں 12 فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ سال اکتوبر کے اختتام پر بینکوں کے قلیل المدتی قرضوں کا حجم 11 ہزار 896 ارب روپے اور ستمبر کے اختتام پر 12 ہزار 305 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے اختتام پر بینکوں کی سرمایہ کاری (سٹاک) کا حجم 28 ہزار 938 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو ستمبر کے مقابلہ میں 5.7 فیصد کم اور گذشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ میں 24.6 فیصد زیادہ ہے۔ ستمبر کے اختتام تک بینکوں کے سٹاک کا حجم 30 ہزار 699 ارب روپے اور گذشتہ سال اکتوبر کے اختتام تک 23 ہزار 938 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔