وزیراعظم یو تھ پروگرام اور پیج کے خواتین اور لڑکیوں کو مہارت کی ترقی اور ڈیجیٹل شمولیت کے ذریعے بااختیار بنانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

135
وزیراعظم یو تھ پروگرام اور پیج کے خواتین اور لڑکیوں کو مہارت کی ترقی اور ڈیجیٹل شمولیت کے ذریعے بااختیار بنانے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):پاکستان ایلائنس فار گرلز ایجوکیشن (پیج )اور وزیراعظم کے یوتھ پروگرام نے پاکستان بھر کی نوجوان خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے لئے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ یہ تقریب وزیراعظم دفتر میں ہوئی جس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، قومی اسمبلی کی رکن اور گرین یوتھ موومنٹ کی فوکل پرسن سیدہ آمنہ بتول اور پیج کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاجر رابیہ پاشا، ڈپٹی سیکرٹری محمد علی ملک کے ساتھ دیگر معزز شخصیات اور دونوں تنظیموں کے ٹیم ممبران نے شرکت کی۔

جمعرات کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق یہ شراکت داری پاکستان کے ان پسماندہ علاقوں میں خواتین اور لڑکیوں کو درپیش اہم چیلنجز کو حل کرنے کے لئے تیار کی گئی ہے تاکہ ان کی ملازمت کے امکانات، کاروباری مواقع اور ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔ اس معاہدے میں خواتین طالبات کو ضروری مہارتیں فراہم کرنے پر زور دیا جائے گا جیسے کہ مواصلات، سی وی لکھنا اور انٹرویو کی تیاری جبکہ پیشہ وارانہ کیریئر کے درمیان فرق کو کم کرنے کے لئے رہنمائی کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔

ایک اہم توجہ ڈیجیٹل خواندگی کے فروغ پر ہوگی جس کے تحت ڈیجیٹل حب قائم کئے جائیں گے، ڈیجیٹل وسائل تک رسائی فراہم کی جائے گی اور محفوظ انٹرنیٹ کے استعمال کی تربیت دی جائے گی تاکہ روزگار کے مواقع بڑھائے جا سکیں۔ مزید برآں اس تعاون میں عوامی اور نجی سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے گا تاکہ وسائل کو متحرک کیا جا سکے اور خواتین کے لیے روزگار کے مواقع تخلیق کئے جا سکیں۔

یہ تعاون پیج کی جانب سے تعلیم، روزگار اور قیادت میں صنفی عدم مساوات کو حل کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کی طرف سے نوجوانوں کی ترقی اور اقتصادی خود مختاری کے فروغ کے لئے کی جانے والی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاجر رابیہ پاشا نے اس شراکت داری کے انقلابی اثرات پر زور دیا اور اس کے ذریعے خواتین کو مالی طور پر خود مختار اور مضبوط بنانے کے امکانات کو اجاگر کیا جو پاکستان کو ایک زیادہ منصفانہ مستقبل کی جانب رہنمائی فراہم کرے گی۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے اس اقدام کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نوجوان خواتین کی فعال شرکت کو یقینی بنانے کے لئے مشترکہ وژن کی نمائندگی کرتی ہے۔

یہ مشترکہ کوشش مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرے گی جن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی )اور کنگز ٹرسٹ انٹرنیشنل شامل ہیں تاکہ اس کے مقاصد کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ پیج اور وزیراعظم یوتھ پروگرام مل کر پاکستان کی خواتین اور لڑکیوں کے لئے پائیدار مواقع اور معنی خیز تبدیلی لانے کے لئے کام کریں گے۔