پائیدار معاشی ترقی اور خوشحالی کےلیے معیاری تعلیم ناگزیر ہے، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

168
Engineer Amir Muqam

مانسہرہ۔ 06 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لئے معیاری تعلیم ناگزیر ہے۔

انہوں نے پاکستان سکاؤٹس کیڈٹ کالج بٹراسی میں سالانہ یوم والدین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو دہشت گردی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن کا مقابلہ اجتماعی کوششوں سے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور ہمیں کامیابی کی بلندیوں تک پہنچنے اور ملک کی خوشحالی کےلیے اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2005 کا تباہ کن زلزلہ ہو، 2010 کا سیلاب ہو یا دہشت گردی کے مسائل، قوم نےتمام چیلنجز پر قابو پانے کےلیے ہمیشہ اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان کی ترقی میں کیڈٹ کالج بٹراسی کے پاس آؤٹ ہونے والے طلبا کی تعلیمی سرگرمیوں اور کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلباپاکستان کا مستقبل ہیں کیونکہ وہی مستقبل کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ محفوظ اور روشن مستقبل کےلیے اپنے بچوں کی تعلیمی کارکردگی، کھیلوں اور روزمرہ کے کاموں پر گہری نظر رکھیں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جعلی اور گمراہ کن خبروں کے ذریعے مٹھی بھر پروپیگنڈاکرنے والے اپنے مفادات کےلیے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ایسے منفی عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو رہے

انہوں نے طلبا کو تاکید کی کہ وہ سچ بولیں اور ان تمام عناصر کو مسترد کریں جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کےلیے نوجوانوں کے ذہنوں کو آلودہ کرنے کےلیے جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کےلیےبھرپور محنت کر رہے ہیں، حکومت کی موثر مانیٹری اور معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آگئی اور سٹاک ایکسچینج بلند سطح پر پہنچ گئی۔ انجینئر امیر مقام نے 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کا ذکر کیا جب تقریباً پورا ہزارہ ڈویژن خاص طور پر ضلع مانسہرہ شدید متاثر ہوا تھا۔

انہوں نے کیڈٹ کالج بٹراسی کی انتظامیہ کی جانب سے اس تباہ کن زلزلے سے انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کے باوجود تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنےکے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ہمارے حقیقی ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت آج ہم بغیر کسی خوف کے زندگی گزار رہے ہیں۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کیڈٹ کالج بٹراسی ایک اعلیٰ تعلیمی ادارہ ہے جہاں پاکستان کے تمام صوبوں اور آزاد کشمیر کے طلبا معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق فاٹا کے لوگوں نے پاکستان کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں، کالج میں ان کی نشستیں برقرار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ کالج سے پاس ہونے والے طلبانے ملک اور بیرون ملک تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ وفاقی وزیر نے کالج انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ عملی کام شروع کرنے سے پہلے مطلوبہ منصوبوں کا پی سی ون تیار کریں۔ قبل ازیں کالج کے پرنسپل نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور یوم والدین کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران ، طلبا اور ان کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔