آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی لاہور پولیس کے غازی کانسٹیبل محمد آصف سے ملاقات

151
Dr. Usman Anwar
Dr. Usman Anwar

لاہور۔6دسمبر (اے پی پی):خطرناک ڈاکووں کو کیفر کردار تک پہنچانے والے لاہور پولیس کے غازی اہلکار محمد آصف نے فیملی کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران موقع پر موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے بہادر کانسٹیبل محمد آصف کو گلے لگایا، خیریت دریافت کی اور شاباش دی۔

کانسٹیبل محمد آصف نے گذشتہ ماہ ایس ایچ او گرین ٹاون کی قیادت میں ٹیم کے ہمراہ لاہور کے علاقے فیروز پارک میں مقابلے کے دوران سنگین وارداتوں میں مطلوب 04 ڈاکووں کو کیفرکردار تک پہنچایا تھا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈاکووں سے مقابلے کے دوران کانسٹیبل محمد آصف کو پسلی میں گولی لگی جو جسم سے آر پار ہو گئی تاہم محمد آصف نے شدید زخمی ہونے کے باوجود بہادری سے ڈٹ کر ڈاکووں کا مقابلہ کیا، ڈاکووں سے مقابلے کے دوران ایس ایچ او تھانہ گرین ٹاون خرم شہزاد بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوئے تھے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ کانسٹیبل محمد آصف، ایس ایچ او تھانہ گرین ٹاون اور ٹیم نے جانیں خطرے میں ڈال کر خطرناک گینگ کا مقابلہ کیا ان کا جذبہ اور بہادری قابل ستائش ہے۔

انہوں نے بہادر پولیس اہلکار کے لئے تعریفی سند اور کیش ایوارڈ کا اعلان کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے آئی جی پنجاب کو پولیس مقابلے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بین الاضلاعی شوٹر گینگ کرائے پر گھر حاصل کرکے رینٹ کی کار، چھینی گئی موٹر سائیکلز کے ذریعے وارداتیں کرتے، ملزمان پنجاب کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ریسکیو 1122 کی وردیاں پہن کر ڈکیتی کرتے تھے،

خطرناک ملزمان پیسوں کے عوض قتل، بنک کیش رابری، موٹر سائیکل چھیننے اور رابری کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ملزمان کے خلاف لاہور، پاکپتن، اوکاڑہ، دیپالپور، حجرہ شاہ مقیم، وہاڑی، خانیوال اور ملتان سمیت مختلف تھانوں میں 36 سے زائد مقدمات درج تھے۔