تعلیم، تحقیق اور ہنر کی بنیاد پر ہی قوموں کی ترقی ممکن ہے،سپیکر ملک محمد احمد خان

110

لاہور۔7دسمبر (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ تعلیم، تحقیق اور ہنر کی بنیاد پر ہی قوموں کی ترقی ممکن ہے۔ لاہور کی نجی یونیورسٹی کے آٹھویں کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔سپیکر نے کامیاب طلبہ،ان کے والدین، اساتذہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد دی اور نجی یونیورسٹی کو ملک کے تعلیمی میدان میں ایک نمایاں مقام رکھنے والا ادارہ قرار دیا۔

اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ ملکی ترقی اور معیشت میں اہم کردار ادا کریں گے۔سپیکر نے طلبہ کو نصیحت کی کہ عملی زندگی کی مشکلات کا سامنا ہمت اور حوصلے سے کریں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ملک محمد احمد خان نے مزید کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ ہماری بیٹیاں ہر میدان میں کامیاب ہو رہی ہیں،یہ کامیاب بیٹیاں ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں اور یہ ثابت کرتی ہیں کہ ہمارا معاشرہ مثبت تبدیلی کی جانب گامزن ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپنے خطاب میں حکومتِ پنجاب اور وزیراعلی پنجاب کی قیادت میں تعلیمی میدان میں ہونے والی انقلابی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب معیاری تعلیم کی فراہمی، وظائف کی تقسیم اور ووکیشنل ٹریننگ پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

سپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں کو تحقیق اور جدت کے ذریعے قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب اس سلسلے میں تعلیمی اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے والدین کی محنت کو بھی سراہا اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلبہ کو مثبت اور منفی اثرات میں فرق کرنے کی تربیت دیں۔

انہوں نے یونیورسٹیوں کو گریجویٹ پروگرامز کے ساتھ جدید زبانوں اور چینی زبان کے کورسز متعارف کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔تقریب کے اختتام پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے فارغ التحصیل طلبہ میں اسناد تقسیم کیں اور ان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم، تحقیق اور ہنر کی بنیاد پر ہی قوموں کی ترقی ممکن ہے اور حکومتِ پنجاب اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔