پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں خواتین پر تشدد کی روک تھام اور قانونی اقدامات کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

122

راولپنڈی ۔7دسمبر (اے پی پی):پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں خواتین پر تشدد کے روک تھام اور قانونی اقدامات کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ویمن پروٹیکشن سیل راولپنڈی کے تعاون سے کیا گیا، ورکشاپ میں ایم پی اے طاہرہ مشتاق، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ڈی ایس پی ایڈمن، ڈی ایس پی لیگل، لیڈی پولیس افسران سمیت تفتیشی افسران نے شرکت کی، تربیتی ورکشاپ میں ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن سیل رضوانہ بشیر، عقیلہ تسلیم، لاء آفیسر صائمہ افضل اور دیگر نے تفتیشی افسران کو لیکچرز دئیے،

ورکشاپ میں ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن سیل کے افسران نے تفتیشی افسران کو خواتین پر ہونے والے تشدد کی اقسام کے بار ے میں آگاہی فراہم کی، تربیتی ورکشاپ میں تفتیشی افسران کو خواتین پر تشدد کی روک تھام اور قانونی اقدامات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں، تربیتی ورکشاپ میں ڈسٹرکٹ ویمن پروٹیکشن آفیسر رضوانہ بشیر نے کہا کہ خواتین کو معاشرے میں مساوی حقوق حاصل ہیں، خواتین کو اپنے حقوق کے لیے کھڑا ہونا چاہیے، ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس خواتین پر تشدد، زیادتی و استحصال کے خلاف زیر و ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے،

راولپنڈی پولیس تحفظ سینٹر، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، اور تھانہ ویمن کے ذریعے خواتین کو تحفظ فراہم کر رہی ہے، کسی بھی شکایت کی صورت میں 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن اور تحفظ سینٹر رابطہ کر کے مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔