اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں منایاجانے والا قومی ووٹر ڈے ملک کے جمہوری نظام کی پائیدار ی اور مضبوطی کی علامت ہے ، یہ دن پاکستانی شہریوں کو ان کے ووٹ کے اندراج ، سیاسی حقوق اور انتخابی عمل میں شمولیت کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ 7دسمبر 1970 کو پاکستان میں ہونے والے پہلے عام انتخابات کی یاد میں یہ دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد عوام کو جمہوری عمل میں شرکت اور جمہوریت کے اصولوں کی پاسداری کی ترغیب دینا ہے ۔ قومی ووٹر ڈے کا بنیادی مقصد انتخابی عمل میں عوام کی شمولیت کو بڑھانا خاص طور پر اہل افراد کے ووٹ کے اندراج کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ان خیالات کا اظہار چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ووٹر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹ کا اندراج اور حق رائے دہی کا استعمال ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے ۔ ووٹر ڈے منانے کا مقصد پاکستان کے شہریوں کو یہ باور کرانا ہے کہ وہ اپنے انتخابی حقوق کی اہمیت سے آگاہ ہوں اور ملکی سیاسی و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ جمہوریت محض انتخابات تک محدود نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے جس میں ہر شہری کا کردار بہت اہم ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یہ دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ووٹ صرف ایک کاغذی کارروائی نہیں
بلکہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے سب سے کارآمد غیر متشدد ہتھیار اورملک کے مستقبل کا تعین کرنے کا طاقتور ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن تمام اہل افراد سے ووٹ کے اندراج کی درخواست کرتا ہے اور بالخصوص نوجوانوں کو دعوت دیتا ہے کہ وہ آگے آئیں ، ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں اور جمہوری عمل میں اپنا کردار ادا کریں ۔