اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹرعافیہ کی صحت، رہائی اور وطن واپسی سے متعلق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کردیا

85

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹرعافیہ کی صحت، رہائی اور وطن واپسی سے متعلق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ایک صفحہ پر مشتمل حکمنامہ جاری کیا، جس کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکہ جانے والے وفد کے اخراجات کی سمری منظور کر لی ہے، یہ امر انتہائی خوش آئند ہے، وفد کے ویزوں سے متعلق وزارت خارجہ کے نمائندہ نے بتایا کہ تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔

وزارت خارجہ نے ویزہ کی درخواستوں کے ساتھ پاسپورٹ گزشتہ جمعہ کو ہی جمع کرا دیئے تھے، وزارت خارجہ کو پوری امید ہے کہ ویزے مل جائیں گے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ وزارت خارجہ اس مقصد کے لیے امریکی قونصل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور ڈاکٹر اقبال کے پاسپورٹ واپس نہیں لیے جا رہے ہیں۔حکمنامے کے مطابق امریکی وکیل اسمتھ کا تازہ ترین اعلامیہ وفد کے دورے کے لیے لاجسٹک اور اسی طرح کی مدد کی درخواست کرتا ہے۔

حکمنامے میں مزید کہا گیا کہ اسمتھ کی فرم نے لابنگ کی تھی اور وہ اس درخواست کو آگے بڑھائیں گے۔ کیس کی آئندہ سماعت 13 دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔