پاکستان اکنامک سمٹ ملک میں معاشی انقلاب لانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، میاں عمران مسعود

115

لاہور۔7دسمبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا لاہور کے زیر اہتمام پاکستان اکنامک سمٹ کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں پاکستان بھر سے سیاسی ، معاشی اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی۔ اس تقریب میں پاکستان کی معاشی ترقی اور نئے بزنس آئیڈیاز پر روشنی ڈالی گئی۔ تقریب کے آغاز میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا میاں عمران مسعود نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اکنامک سمٹ ملک میں معاشی انقلاب لانے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیا محمود صادق نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اکنامک سمٹ نوجوانوں کے لیے مثالی موقع ہے

جہاں ہم 10ملین روزگار اور ایک لاکھ بزنس سٹارٹ اپس کے ذریعے ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے اور ایک خوشحال ، مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمٹ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے نئے باب کا آغاز ہے۔ پاکستان کی معیشت میں انقلابی تبدیلی کے لیے ہم مل کر کام کریں گے اور پاکستان کو عالمی اقتصادی طاقت بنائیں گے۔ محمود صادق کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم نے معاشی ایکسپرٹس ، انڈسٹری اور ایجوکیشن لیڈرز کو دعوت دی ہے کہ وہ ٹیکنالوجی سے جڑے مستقبل کی بنیاد رکھیں اور نئے بزنس آئیڈیاز اور ٹیک سٹارٹ اپس کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں

انہوں نے کاروباری افراد اور تعلیمی اداروں کو دعوت دی کہ اس منصوبے پر مل کر کام کریں تاکہ پاکستان عالمی اقتصادی طاقت کے طور پر سامنے آسکے۔ تقریب سے خطاب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پاکستان اکنامک سمٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی معاشی ترقی کے لیے تعلیمی اداروں کو ایسے انقلابی اقدامات لینے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ملک سے بے روزگاری کے خاتمے اور نوجوانوں کو نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے مددگار ثابت ہوگا اور ایسے منصوبوں کو حکومتی حمایت حاصل ہونی چاہیے تاکہ پاکستان اور پاکستانی ترقی کریں۔ کونسل جنرل آف چائنا لاہور ژا شیرن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کی ایک تاریخ ہے

جبکہ ہم پاکستان اکنامک سمٹ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یہ منصوبہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک سنہرا موقع ہے کہ وہ نئے بزنس آئیڈیاز کے ذریعے پاکستان میں معاشی انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ تقریب میں فاؤنڈر پریزیڈینٹ آف دی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور ڈویژن ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر این سپائر اور نیٹسول ایوب غوری نے بھی خطاب کیا۔