پشاور۔ 11 دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اینٹی کرپشن و اسٹیبلشمنٹ مصدق عباسی نے کہا ہے کہ اداروں کے اندر کرپشن کے مواقعوں کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں،کرپشن کو فساد فی الارض کہنا چائیے، اسکی روک تھام کے لیے امر باالمعروف کرنا چائیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف پشاور کے شعبہ سیاسیات کی جانب سے اینٹی کرپشن کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں شعبہ سیاسیات کے فیکلٹی ممبران و طلباو طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مشیر وزیراعلیٰ مصدق عباسی نے شرکا کو کرپشن، اسکی روک تھام اور معاشرے پر ہونے والے اثرات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور طلباو طالبات پر زور دیا کہ کردار سازی کیلئے کتاب بینی کی عادت کو اپنائیں، قرآن مجید، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اقبالیات کا مطالعہ کریں۔
قرآن مجید کو پڑھیں، سمجھیں اور عملی زندگی میں اس سے رہنمائی لیں۔ کامیابی اسکی بدولت نصیب ہوتی ہے،ہمیشہ سچ بولیں اور جھوٹ بولنا ترک کریں،کرپشن کا خاتمہ آگاہی، تدبیر اور انفورسمنٹ سے ممکن ہیں۔ چیئرپرسن شعبہ سیاسیات ڈاکٹر شاہدہ نے مہمانان گرامی کو سیمینار میں شرکت پر خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ آگاہی مہم سے بدعنوانی کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے سیمینار میں شرکت پر مشیر وزیراعلیٰ مصدق عباسی کا شکریہ ادا کیا۔سیمینار میں آرٹ،تقریری اور مباحث کے مقابلوں میں کامیاب قرار پانے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفیکیٹس اور انعامات تقسیم کیے گئے۔