موسمیاتی تبدیلوں سے نمٹنے اور غربت میں کمی لانے کے لیے زیتون کی کاشت اور پیداوار میں اضافہ وقت کی ضروت ہے ،رانا تنویر حسین

162
Rana Tanveer Hussain
Rana Tanveer Hussain

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت زیتون کی ویلیو ایڈیشن کے لیے پر عزم ہے ،موسمیاتی تبدیلوں سے نمٹنے اور غربت میں کمی لانے کے لیے زیتون کی کاشت اور پیداوار میں اضافہ وقت کی ضروت ہے ،زیتون کے شعبہ میں تکنیکی معاونت پر اطالوی حکومت کے شکر گزار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گرینڈ نیشنل اولیو گالا 2024 سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ زیتون کی ویلیو چین ملکی زرعی ترقی کا اہم جزو ہے ، زیتون کی کاشتکاری اور پیداوار کا فروغ موسمیاتی تبدیلی اور غربت کا موثر حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زیتون کے جنگلی درختوں کو زیتون کے سرسبز باغات میں تبدیل کیا گیا ہے جس سے پیدوار میں اضافہ ہو گا ، زیتون کی پودوں کی مقامی پیداوار بڑھانے سے درآمدات پر انحصار میں کمی آئی ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نجی شعبے کے ذریعے زیتون کے تیل کی برآمد شروع ہو گئی ہے ، زیتون کے شعبے میں 70 سے زائد سٹارٹ اپس کا قیام خوش آئند ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اطالوی حکومت کی زیتون کے شعبہ میں تکنیکی معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہیں، اطالوی کمپنیوں کو پاکستانی زیتون کی صنعت میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت زیتون کی ویلیو چین کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور اس شعبے کی بہتری کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے ۔