یوکوہاما ۔ 06 مئی (اے پی پی) وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خطے، ایک سڑک کے نظریے کے فروغ کےلئے جامع اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاءاور بحرالکاہل کی پائیدار اقتصادی ترقی کےلئے علاقائی تجارت اور باہمی رابطوں کا فروغ بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور استحکام کے لئے چین نے مستحکم بنیادوں پر ایک خطے اور ایک سڑک کا نظریہ پیش کیا ہے، پاکستان اس کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ یوکوہاما کے کانفرنس سنٹر میں سی این بی سی کی جانب سے تجارت کی ترقی کے لئے باہمی رابطوں کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ مذاکرے میں بھارتی وزیرخزانہ ارون جیٹلے کے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایک سڑک، ایک خطے کے نظریے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔