چیئرمین واپڈا کا دیامربھاشا ڈیم کا دورہ، تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

92
Chairman WAPDA Engineer Lieutenant General Sajjad Ghani

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے ہدایت کی ہے کہ دیامربھاشا ڈیم کی مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے تاکہ اس منصوبے کو شیڈول کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو دیامربھاشا ڈیم پراجیکٹ کی مختلف سائٹس کے دورے کے دوران کیا۔

اس موقع پر جنرل منیجر دیامربھاشا ڈیم ،کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اپنے دورہ کے دوران چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ کی مختلف سائٹس بشمول کرشنگ پلانٹ، اپ سٹریم اینڈ ڈاؤن سٹریم کوفر ڈیم، ڈائی ورشن کینال، ڈیم پِٹ اور گائیڈوال کا تفصیلی جائزہ لیا۔چیئرمین واپڈا نے دیامربھاشا ڈیم سائٹ پر پیش رفت کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں جنرل منیجر/ پراجیکٹ ڈائریکٹر دیامربھاشا ڈیم، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز نے چیئرمین واپڈا کو پراجیکٹ کی تمام سائٹس پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔

چیئرمین واپڈا کو بتایا گیا کہ اس وقت 14 اہم سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیاں تسلی بخش رفتار سے جاری ہیں، دیامربھاشا ڈیم کی تکمیل 2028 میں شیڈول ہے۔دورے کے موقع پر چیئرمین واپڈا نے ضلع دیامر ،کوہستان کی ضلعی انتظامیہ اور مقامی عمائدین کے ساتھ ایک جرگہ میں بھی شرکت کی۔

جرگہ میں لینڈ ایکوزیشن، متاثرین کی آبادکاری اور اعتماد سازی اقدامات پر گفتگو کی گئی۔دیامربھاشا ڈیم 272 میٹر بلند دنیا کا سب سے بڑا (رولر-کمپیکٹڈ-کنکریٹ )آر سی سی ڈیم ہے۔ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 8اعشاریہ ایک ملین ایکڑفٹ ہے جس سے 12لاکھ 30ہزار ایکڑ اراضی زیرکاشت آئے گی۔ دیامربھاشا ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 500میگاواٹ ہے جس سے قومی نظام کو سالانہ 18 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی میسر آئے گی۔