صحبت پور۔ 18 دسمبر (اے پی پی):پیر صبغت اللہ راشدی المعروف پیر سائیں پگارا نے صحبت پور کادورہ کیا اور ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ ایس ایس پی صحبت پور انجینئر محمد یوسف بھنگر کی قیادت میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور پیر صبغت اللہ راشدی المعروف پیر سائیں پگارا نے آج ضلع صحبت پور کا دورہ کیا جس میں ہزاروں عقیدت مندوں اور مریدین نے شرکت کی۔ اجتماع کو محفوظ اور منظم رکھنے کے لیے محکمہ پولیس صحبت پور نے اپنی ذمہ داری مثالی انداز میں ادا کی۔
ایس ایس پی صحبت پور انجینئر محمد یوسف بھنگر نے دورے کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کی براہ راست خود نگرانی کی اور پولیس کی اضافی نفری کے انسداد دہشتگری فورس (ATF) کو بھی تعینات کیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ حساس مقامات پر پولیس اہلکاروں کو الرٹ رکھا گیا اور داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوسٹس قائم کی گئیں۔ ایس ایس پی صحبت پور نے ذاتی طور پر یہ یقینی بنایا کہ ہر سیکورٹی اہلکار اپنی ذمہ داری کو مکمل پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرے۔
اجتماع کے دوران پولیس اہلکاروں کی موجودگی اور نگرانی نے عوام کو تحفظ کا احساس دلایا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا موقع فراہم نہیں کیا۔ دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتےہو ئے ایس ایس پی انجینئر محمد یوسف بھنگر نے کہا کہ پولیس کا اولین مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے۔ ایسے مواقع پر فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے پولیس اہلکاروں کی محنت کو سراہتے ہوئے ان کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ عوام کا اعتماد ہی پولیس کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ پیر سائیں پگارا کے مریدین اور مقامی افراد نے پولیس کی کارکردگی کو خوب سراہا۔ اجتماع کے دوران پولیس کے فوری ردعمل اور بہترین انتظامات نے عوام کے اعتماد کو مزید تقویت دی۔
پیر صبغت اللہ راشدی کا یہ دورہ پولیس کی شاندار کارکردگی اور ایس ایس پی صحبت پور کی موثر قیادت کی بدولت بخیر و خوبی انجام پایا۔ پولیس نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔