پاکستانی سفارت خانے کے زیراہتمام تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے "چائنا پاکستان ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ "افتتاحی فورم کا انعقاد، متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

147

بیجنگ۔19دسمبر (اے پی پی):بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے نے تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر چائنا پاکستان ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹی وی ای ٹی)افتتاحی فورم کا انعقاد کیا۔ "ہنرمند افرادی قوت کو فروغ دینا: روشن مستقبل کی تشکیل” کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس فورم میں پالیسی سازوں، اعلی سطحی سرکاری عہدیداروں، معروف "ٹی وی ای ٹی” خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور چین بھر سے تکنیکی اور پیشہ ورانہ اداروں کی قیادت کو اکٹھا کیا گیا۔

کلیدی مقررین میں وزارت تعلیم کے بین الاقوامی تعاون اور تبادلوں کے محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جیا پینگ اور دیگر شامل تھے۔ چائنا پیپلز ایسوسی ایشن فار فرینڈشپ ود فارن کنٹریز (سی پی اے ایف ایف سی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سو یان اور انسانی وسائل اور سماجی تحفظ کی وزارت کے پیشہ ورانہ تربیت ڈویژن کی ڈائریکٹر یانگ یی اور دیگر مقررین نے افراد کو عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے، روزگار کو فروغ دینے اور صنعتوں میں جدت طرازی کو فروغ دینے میں ٹی وی ای ٹی کے کلیدی کردار پر زور دیا۔

انہوں نے چین پاکستان ٹی وی ای ٹی تعاون کو دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی کا تابناک مظہر قرار دیا۔چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے اپنے استقبالیہ کلمات میں فورم کو پاکستان میں صنعت کاری کے عمل میں تعاون کے لئے سفارت خانے کی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ سفیر خلیل ہاشمی نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ فورم اپنے اگلے مرحلے میں سی پیک منصوبوں کی تکمیل کے لئے ضروری مہارتوں سے آراستہ ایک پیداواری افرادی قوت کی تعمیر میں کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے پاکستان میں اعلی معیار کے ٹی وی ای ٹی پروگرام متعارف کرانے میں آئی ٹی ایم سی، چین کی غیر معمولی معاونت کو سراہا۔پاکستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے اپنے پہلے سے ریکارڈ کردہ پیغام میں پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول میں ٹی وی ای ٹی کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے فائیو ایز ڈویلپمنٹ فریم ورک کے حصے کے طور پر ٹی وی ای ٹی پروگراموں کو وسعت دینے کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

فورم میں وفاقی سیکرٹری تعلیم کے ویڈیو کلمات اور وزیر ٹیوٹا آزاد کشمیر سردار عامر الطاف خان، چیئرپرسن پنجاب ٹیوٹا بریگیڈیئر (ر) محمد ساجد کھوکھر، سیکرٹری صنعت، تجارت و تکنیکی تعلیم کے پی کے عامر آفاق نے پاکستان میں ٹیوٹ کے منظرنامے کا جائزہ ، ابھرتے ہوئے رجحانات کا خاکہ اور مستقبل میں تعاون کے لیے سفارشات پیش کیں۔فورم کے دوران تین پینل مباحثوں کا بھی اہتمام کیا گیا تاکہ سامعین کو ٹی وی ای ٹی تعاون کی مختلف جہتوں سے آگاہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر چینی پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹس، ٹی وی ای ٹی انٹرپرائزز اور سروس پرووائیڈرز اور پاکستان کے صوبائی ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹیز (ٹیوٹا) کی جانب سے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) اسلام آباد میں ‘کائی وو ورکشاپ’ کے افتتاح کے لیے تختی کی نقاب کشائی کی تقریب بھی اس تقریب کی ایک اور خاص بات تھی۔اپنے اختتامی کلمات میں سفیر خلیل ہاشمی نے سفارت خانے کی ٹیم کو فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور تقریب میں دستخط شدہ ایم او یو پر موثر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس فورم کو بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے منعقد ہونے والی اہم تقریبات کے سالانہ کیلنڈر کا حصہ بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔