اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیحی برادری کی ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں، پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادری کو مساوی حقوق حاصل ہیں،اقلیتوں کو اپنے مذہب اور رسم و رواج کے مطابق تقریبات منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔
ہفتہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری بیان کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں کرسمس کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے عملے کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔تقریب میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ، اسپیکر آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر اور قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں قومی اسمبلی اور سی ڈی اے کے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے عملے کے افراد بھی موجود تھے۔سپیکر نے کہا کہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں،حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ پیغمبر ہیں، انکا یوم پیدائش ہم سب کیلئے باعث سعادت و مسرت ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیحی برادری کی ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے خدمات قابل ستائش ہیں، پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادری کو مساوی حقوق حاصل ہیں،اقلیتوں کو اپنے مذہب اور رسم و رواج کے مطابق تقریبات منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آئین پاکستان، ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔