اقوام متحدہ ۔08 مئی (اے پی پی) اقوام متحدہ کے بچوں سے متعلق فنڈ ” یونیسف “ نے نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں بوکو حرام کے عسکریت پسندوں کی جانب سے 80 سے زیادہ مغوی لڑکیوں کی رہائی کا خیرمقدم کیا ہے۔ ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کتنی خوش آئند بات ہے کہ تین سال قبل اغواءہونے والی لڑکیاں اپنے گھروں کو لوٹ جائیں گی جن کے گھر والے ان کی راہ تک رہے ہیں۔ان لڑکیوں کو اپنی زندگی دوبارہ معمول پر لانے کیلئے طویل اور مشکل مرحلے سے گزرنا ہوگا تاکہ ان کو بوکو حرام کے ہاتھوں پیش آنے والا ناقابل بیان خوف اور صدمہ دور ہوسکے۔یونیسف کا کہنا تھا کہ وہ ان لڑکیوں کو نفسیاتی تعاون اور دیگر ضروری خدمات کی فراہمی کیلئے نائیجیرین حکومت کی ہرممکن معاونت کو تیار ہے۔