بیجنگ ۔08 مئی (اے پی پی)چینی محققین نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے غیر متوقع نتائج سامنے آئے ہیں جس سے گوادر پورٹ سمیت دونوں ممالک کے مابین توانائی ،ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر اور صنعتی شعبے میں نمایاں ترقی حاصل ہوئی ہے ۔ یہ بات چینی محققین نے پاکستان میں سی پیک کی ترقی سے متعلق فیلڈ سروے رپورٹ میں کہی ۔چین کی رنمن یونیورسٹی میں مالیاتی مطالعہ کے لئے چانیانگ ادارہ کے محققین زو رونگ اور چن زیاچن کے مطابق سی پیک کے تحت پاور پلانٹ تعمیر کئے جائیں گے جس میں 10 ملین کلوواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت ہو گی اور اس وقت بجلی کے منصوبوں میں سے نصف زیر تعمیر ہیں اس پیش رفت کے ساتھ 2018 ءتک پاکستان گھریلو بجلی کی طلب کو پورا کرنے کے لئے پر امید ہے اور اگر پاکستان بجلی کے بحران پر قابو پالیتا ہے تو ملکی معیشت نمایاں طور پر مضبوط ہو گی۔ سروے کے مطابق قومی سلامتی صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان نے انسداد دہشت گردی کے لئے متعدد کاروائیوں کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں سالہا سال دہشت گرد حملوں اور اموات میں کمی واقع ہوئی ۔پاکستان کی سالانہ اقتصادی شرح میں گذشتہ 4 سال میں 4 فیصد اضافہ ہوا ۔