اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹ کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایت پر انسانی سمگلرزکے خلاف جاری کریک ڈاون میں انسانی سمگلنگ میں ملوث جاوید اشرف نامی ایجنٹ کو ایمن آباد گجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا،ملزم شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث تھا، ملزم شکایت کنندہ اور اس کی بیوی کو انگلینڈ ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لئے مجموعی طور پر 62 لاکھ 96 ہزار روپے وصول کرنے کے بعد بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور روپوش ہو گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،سادہ لوح شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی معافی کے مستحق نہیں،انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
ڈائریکٹر گجرانوالہ زون نے شہریوں سےاپیل کی کہ اپنی ذاتی دستاویزات غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہ کریں،بیرون ملک ویزا حصول کے لئے ہمیشہ متعلقہ ملک کی ایمبیسی یا نامزد کردہ ویزا ایپلیکیشن سینٹر سے رابطہ کریں۔