پاکستان قائداعظم کی قیادت میں مسلمانوں کی بے مثال جمہوری جدوجہد کے بعد قائم ہوا، سول نافرمانی کی کال ملکی مفاد میں نہیں،وفاقی وزیر امیر مقام

121
وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی بین الوزارتی اجلاس کا انعقاد

پشاور۔ 25 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سیفران، امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کی بے مثال جمہوری جدوجہد کے بعد بنا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہمیشہ چارٹر آف اکانومی کی بات کی ہے ، سول نافرمانی کی کال ملکی مفاد میں نہیں ہے، سکیورٹی فورسز، پولیس اور سول سوسائٹی نے پاکستان کےلیے عظیم قربانیاں دی ہیں ، خیبرپختونخوا کے حکمرانوں کو سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس میں پنجاب اور سندھ حکومت کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

پشاور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ میں قائداعظم کے 148ویں یوم ولادت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی انجینئر امیر مقام نے کہا کہ قائداعظم نے پرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے دنیا کا جغرافیہ بدل دیا اور 14 اگست 1947 کو پاکستان کو دنیا کے نقشے پر تشکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنے ماضی اور قیادت کو یاد رکھتے ہیں وہ زندگی میں کامیاب ہوتے ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ دن ان تمام مقاصد کے حصول کے لیے سخت محنت کرنے اور تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط عہد کرنے کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 141 ملین لوگوں کا طاقتور ملک ہے جس میں ایک مضبوط پیشہ ور فوج موجود ہے اور یہ ایک ایٹمی طاقت ہے، کسی کو اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہمیشہ چارٹر آف اکانومی کی بات کی ہے اور ملک کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کی حمایت میں ان کا حالیہ جرات مندانہ موقف پوری قوم کی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے، ایٹمی یا میزائل پروگرام کے خلاف کسی بھی ملک کی ڈکٹیشن قبول نہیں کی جائے گی۔ انجینئر امیر مقام نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی اداروں پر تنقید سے گریز کیا جائے، سول نافرمانی کی کال ملکی مفاد میں نہیں ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز، پولیس اور سول سوسائٹی نے پاکستان کےلیے عظیم قربانیاں دی ہیں اور قومی پرچم کو سربلند رکھا ہے، افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو، زلزلہ ہو، سیلاب ہو یا دیگر آفات ہر وقت قوم کی مدد کے لیے آئی ہے اور انہیں مشکلات سے نکالا ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور موٹرویز کا جال بچھا کر ملک کا وقار بلند کیا۔ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان حالیہ مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل کے لیے آئینی اور قانونی فریم ورک کے تحت تعمیری اور بامعنی مذاکرات پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو دیئے گئے این ایف سی ایوارڈ کا حصہ اشتعال انگیزی کی سیاست کے بجائے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے، خیبرپختونخوا کے حکمرانوں کو سروس ڈیلیوری اور گڈ گورننس میں پنجاب اور سندھ حکومت کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی کی کال سے صرف پاکستان اور اس کے عوام کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کرم میں امن بحال کرنے میں ناکام رہی۔

انجینئر امیر مقام نے پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لیے کام جاری رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری واپس آنا شروع ہوئی، اسٹاک ایکسچینج نے بلندی حاصل کی اور قیمتوں میں اضافہ 4 ہندسوں پر آگیا جو بڑی کامیابی ہے۔ قبل ازیں وفاقی انجینئر امیر مقام نے قائداعظم محمد علی جناح اور مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔