وزیراعلی سندھ کی کابینہ ارکان کے ہمراہ بانی پاکستان کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مزار پر حاضری،پھولوں کی چادر چڑھائ، فاتحہ خوانی کی

134
وزیراعلی سندھ کی کابینہ ارکان کے ہمراہ بانی پاکستان کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مزار پر حاضری،پھولوں کی چادر چڑھائ، فاتحہ خوانی کی

کراچی۔ 25 دسمبر (اے پی پی):وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کابینہ ارکان کے ہمراہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 148ویں یوم پیدائش کے موقع پر بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مزار پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائ، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کے کتاب میں تاثرات درج کئے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق بعدازاں مزار قائد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے قائداعظم کی 148ویں سالگرہ پر قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے مسیحی برادری کو بھی کرسمس کی مبارکباد دی اور یاد کرایا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کو اپنی تقریر میں کہا تھا کہ یہ ملک تمام مذاہب کی آزادی کےلیے بنایا گیا ہے۔ تمام مذاہب کے ماننے والے اپنی اپنی عبادت گاہوں میں جا کر عبادت کرنے کےلیے آزاد ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہمارا پیارا پاکستان بنایا اور اس ملک کو بیرونی سازشوں سے بچانے کی اہمیت واضح کی۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے ہم پاکستان کو قائداعظم کے ویژن کے مطابق آنے والی نسلوں کےلیے پرامن اور خوشحال بنائیں گے۔قوم کی خوشحالی اتحاد میں مضمر ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے یاد دلایا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، شہید محترمہ بےنظٰیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کے ذریعے ملکی دفاع کو مضبوط کیا۔

انہوں نے سرحدوں کی حفاظت اور دہشتگردی کے خاتمے کےلیے پاک فوج کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے زور دیا کہ شہدائے جمہوریت نے اپنے خون کا نذرانہ دے کر ملک میں جمہوریت کو بحال کیا۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی، سیاسی اور سماجی بحران سے باہر نکل رہا ہے اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے فلسطین میں اسرائیلی بربریت کی مذمت کی۔انہوں نے اسلامی ممالک اور پوری دنیا پر زور دیا کہ فلسطین اور کشمیر میں مظالم ختم کرانے کےلیے کام کریں۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیر میں مظالم کا اثر پورے خطے پر ہو رہا ہے، عالمی برادری کےلیے ضروری ہے کہ پرامن دنیا کےلیے قتل عام اور مظالم کو ختم کرایا جائے۔ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ ہمیشہ امن کا گہوارہ رہا ہے اور انشا اللہ رہے گا۔