تل کی برآمدات کی مالیت 366 فیصد اضافے کے ساتھ 1.073 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ گئی ہے، پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا تل برآمد کنندہ بن گیا ہے، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا تل پر بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب

139
تل کی برآمدات کی مالیت 366 فیصد اضافے کے ساتھ 1.073 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ گئی ہے، پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا تل برآمد کنندہ بن گیا ہے، وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا تل پر بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ تل کی برآمدات کی مالیت 366 فیصد اضافے کے ساتھ 1.073 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ گئی ہے جس نے پاکستان کو دنیا کا تیسرا بڑا تل برآمد کنندہ بنا دیا ہے ،حکومت زرعی شعبے کی ترقی کے لئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تل پر بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے تل کو قیمتی کیش کراپ قرار دیتے ہوئے اس کی برآمدی صلاحیت کو بڑھانے پر گزشتہ پانچ سال میں پاکستان کی شاندار کامیابیوں کو اجاگر کیا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان میں تل کی پیداوار میں 455 فیصد اضافہ ہوا ہے جو سالانہ 1.119 ملین ٹن تک پہنچ چکی ہے۔ اسی دوران تل کی برآمدات میں 327 فیصد اضافہ ہوا جو سالانہ 0.760 ملین ٹن تک پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تل کی برآمدات کی مالیت 366 فیصد اضافے کے ساتھ 1.073 ارب ڈالر سالانہ تک پہنچ گئی ہے جس نے پاکستان کو دنیا کا تیسرا بڑا تل برآمد کنندہ بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تل کو قومی آئل سیڈز پروگرام (این او ای پی) میں شامل کر کے اس فصل کو قیمتی فصل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا وفاقی وزارت اور صوبائی زراعت کے محکموں کے باہمی اشتراک کو قرار دیا ۔

وفاقی وزیر نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ پراسیسنگ ٹیکنالوجی میں بہتری، ویلیو ایڈیشن اور تل کی مصنوعات کے لیے نئی عالمی منڈیوں کی تلاش پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے وزارت تجارت سے کہا کہ وہ عالمی مارکیٹ میں پاکستانی تل کی مصنوعات کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ تل کی پیداوار میں اضافہ نہ صرف خوردنی تیل کی درآمدات کم کرے گا بلکہ قیمتی زرمبادلہ کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو بھی مضبوط کرے گا۔