نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نےحد نگاہ میں بہتری کے بعد موٹر ویز کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا

105

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے رات گئے بند کی گئی موٹر ویز کو حد نگاہ میں بہتری کے بعد اتوار کی صبح ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے ۔ ترجمان موٹر وے پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق موٹروے ایم ون پشاور سے برہان تک جبکہ موٹروے ایم ٹو اسلام آباد سے کوٹ مومن تک شدید دھند کے باعث بند کر دیا گئی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ دھند کی شدت میں کمی کے بعد علی الصبح دونوں موٹر ویز کے ان حصوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے صارفین کے جان و مال کی حفاظت کرنا ہے ۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ دھند کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اپنا سفر دن کی روشنی میں مکمل کر کے دھند کے آغاز سے قبل اپنی منزل مقصود تک پہنچ جائیں ، گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں ۔ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں۔

سفر شروع کرنے سےقبل موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔اس کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے بھی تازہ ترین معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔