فیصل آباد ۔ 03 جنوری (اے پی پی):کاشتکاروں کو اچھی پیداوار کیلئے سورج مکھی کی فصل قطاروں میں کاشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمود نے کہا کہ پلانٹر، ٹریکٹر ڈرل، سنگل روکاٹن ڈرل، پوریاکیرا، ڈبلنگ و چوپا کے ذریعے کاشت کارآمد ثابت ہوئی ہے لہٰذا کاشتکار قطاروں میں سورج مکھی کی کاشت کریں اور قطاروں کا درمیانی فاصلہ سوا 2سے اڑھائی فٹ اور پودوں کا درمیانی فاصلہ آبپاش علاقوں میں 9انچ جبکہ بارانی علاقوں میں 12 انچ رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکاراس بات کاخیال رکھیں کہ بیج تر وتر حالت میں کاشت کیاجائے اور بیج کی گہرائی 2انچ سے زیادہ نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ اگر کھیلیوں پر کاشت کرنا مقصود ہوتو کھیلیاں آلو کاشت کرنیوالے رجر سے شرقاً غرباً نکالی جائیں اور کھیلیوں میں پہلے پانی لگایاجائے پھر جہاں تک وتر پہنچے اس سے تھوڑاا وپر خشک مٹی میں جنوب کی طرف بیج لگایاجائے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈبلنگ کے ذریعے سورج مکھی کی کاشت کا طریقہ نہایت کارآمد ثابت ہواہے۔ اس طریقہ سے کاشت میں پہلے اڑھائی فٹ کے فاصلے پر وٹیں بنا لی جاتی ہیں پھر پانی دے کر ہر 8 سے 9انچ کے فاصلے پر سوراخ کرکے ایک ایک بیج ڈال دیا جاتاہے تاہم اس دوران یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ بیج پانی میں نہ ڈوبے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=542190