فیصل آباد ۔ 06 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو فصلوں اور غذائی اجناس پربےجا سپرے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعامرصدیق نےکہاہے کہ فصلوں، پھلوں وسبزیوں اور غذائی اجناس پربے جا سپرے جہاں ماحول کو آلودہ کرتے ہیں وہیں فائدہ مند حشرات، شہد کی مکھیاں اور فصل دوست کیڑے بھی تلف ہو جاتے ہیں جبکہ سپرے کے باعث سبزیوں کی غذائیت اور معیار بھی متاثر ہوتا ہے لہٰذا محکمہ زراعت نے اس سلسلہ میں آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ایسی ادویات کے سپرے کی سفارش کی جائے گی جن کااثر صرف 24گھنٹے میں زائل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے سپرے کے سد باب کےلئے شروع کی جانے والی اس مہم کے دوران کاشتکاروں کو بتا یا جارہاہے کہ وہ سبزیاں اگانے کے جدید طریقوں سے استفادہ کریں،غیر ضروری طور پر زائد مقدار میں زرعی ادویات کے سپرے سے گریز کیا جائے اور اس سلسلے میں ماہرین زراعت کے مشورے پر عملدرآمد کریں۔انہوں نے بتا یا کہ اس ضمن میں خصوصی لیکچرز دینے کے علاوہ معلوماتی لٹریچر بھی فراہم کیا جا رہاہے تاکہ کاشتکاروں میں زرعی ایجوکیشن کو فروغ دیا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=542928