اٹک پولیس نے شہری کو اغواء کر کے حبس بے جا میں رکھنے والا ملزم گرفتار کر لیا

98

اٹک۔ 06 جنوری (اے پی پی):اٹک پولیس نے شہری کو اغواء کر کے حبس بے جا میں رکھنے والا ملزم گرفتار کر لیا۔ ربنواز ولد محمد یوسف سکنہ کھرالہ خورد نے تھانہ فتح جنگ میں درخواست دی کہ 28 دسمبر 2024 کو فتح جنگ شہر آیا ہوا تھا۔

فتح جنگ چوک میں اپنے دوستوں محمد عمران اور اشتیاق احمد کے ہمراہ موجود تھا کہ محمد انیس ولد شیر زمان اپنے ساتھ دو نامعلوم اشخاص کے ساتھ آیا جنہوں نے مجھے زبردستی پکڑ کر اغواء کر کے رونق پلازہ واقع کھوڑ کی بالائی منزل پر لے جا کر ایک کمرہ میں بند کر دیا ۔

میں وہاں تقریباً 1 گھنٹہ بند رہا اور موقع پا کر وہاں سے بھاگ نکلا جسکی وجہ عناد یہ ہے کہ لیاقت کے ساتھ میرا اراضی تنازعہ ہے جبکہ لیاقت اور انیس آپس میں گہرے دوست ہیں۔ تھانہ فتح جنگ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش عمل میں لاتے ہوئے ملزم محمد انیس ولد شیر زمان سکنہ کھرالہ فتح جنگ کو گرفتار کر کے حوالات بند کر دیا۔