آئی جی پنجاب کی زیر صدارت اہم اجلاس

133
سرحدی کشیدگی کے دوران پولیس فارمیشنز کی کارکردگی شاندار رہی،ڈاکٹر عثمان انور

لاہور۔6جنوری (اے پی پی):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز سمیت سینئر افسران کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔پیر کو ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت صوبہ بھر کے تھانوں، چینی باشندوں سمیت غیر ملکی شہریوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی کا جائزہ لیا۔

آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ خوارجی دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے شہریوں و سکیورٹی اہلکاروں پر بڑھتے حملوں کے پیش نظر صوبہ بھر کی سکیورٹی بڑھا دی جائے، چینی و غیر ملکی شہریوں، ماہرین، ڈویلپمنٹ پراجیکٹس، رہائش گاہوں، روٹس کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے بارڈر ایریاز اور پولیس چیک پوسٹوں پر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس سٹیشنز اور حساس دفاتر کے سکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ تھانوں کے اطراف نائٹ پٹرولنگ، نفری کی حاضری، سی سی ٹی وی کیمروں کی چیکنگ یقینی بنائیں، شر پسند اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ریڈز کے دوران بلٹ پروف جیکٹس، حفاظتی تدابیر اختیار کریں، دہشت گردوں، شر پسند و جرائم پیشہ عناصر کے ممکنہ حملوں سے محفوظ رہنے کے لئے ٹارگٹ ہارڈننگ کریں، زیر حراست قیدیوں کی عدالتوں میں پیشی کے موقع پر بھی سکیورٹی ایس او پیز لازمی فالو کریں۔ آئی جی پنجاب نے قیمتی انسانی جانیں بچانے کے لئے پرانی دشمنی کے کیسز میں انسدادی اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا۔

دھند کے موسم میں جرائم کی وارداتوں کے تدارک کے لئے موثر پٹرولنگ اور سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کریں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ڈی پی اوز پولیس سٹیشنز، حساس دفاتر، سی پیک ورکنگ سائٹس سمیت اہم مقامات کی سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور بھی اجلاس میں موجود تھے۔