اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے سیول میں پاکستان کے سفارت خانے میں کوریا ایگزم بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ای ڈی سی آپریشن گروپ، اُم سونگ یونگ سے ملاقات کی۔ جمعہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور مستقبل میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران اُم سونگ یونگ نے پاکستان میں …
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی کوریا ایگزم بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے سیول میں پاکستان کے سفارت خانے میں کوریا ایگزم بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ای ڈی سی آپریشن گروپ، اُم سونگ یونگ سے ملاقات کی۔ جمعہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور مستقبل میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران اُم سونگ یونگ نے پاکستان میں جاری منصوبوں کی تفصیلات فراہم کیں اور ان کی منظوری، جانچ اور عمل درآمد کے عمل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے منصوبوں کو تصوراتی مرحلے سے لے کر تکمیل تک پہنچانے میں پاکستانی محکموں کے کردار کی تعریف کی۔اُم سونگ یونگ نے مزید بتایا کہ اکنامک ڈویلپمنٹ کوآپریشن فنڈ (ای ڈی سی ایف) کے تحت 2022 سے 2026 کے دوران پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 1.1 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں تاہم اب تک صرف دو منصوبوں کے لیے 113 ملین ڈالر کی منظوری دی گئی ہے اور باقی منصوبوں کی منظوری کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے پاکستان کے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل میں مزید قریبی تعاون کی امید ظاہر کی۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کوریا ایگزم بینک کا ای ڈی سی ایف فنڈز کو 1 ارب ڈالر تک بڑھانے پر شکریہ ادا کیا۔وزیر تجارت نے کوریا ایگزم بینک پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں ایک کنٹری آفس قائم کرے تاکہ منصوبوں کی منظوری کے عمل کو تیز اور ہم آہنگی کو بہتر بنایا جا سکے۔جام کمال خان نے بینک سے درخواست کی کہ وہ 12 زیر التواء منصوبوں کی رسمی کارروائیاں جلد از جلد مکمل کرے تاکہ ان پر بروقت عمل درآمد ہو سکے۔انہوں نے 2022-2026 کے دوران مختص 1.1 ارب ڈالر کے فنڈز کے موثر استعمال پر زور دیا اور اس عمل کو تیز کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے ترقیاتی تعاون کو مضبوط بنانے اور باہمی تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان میں کوریا ایگزم بینک کے کنٹری آفس کے قیام کو ان کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔








