امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی امن معاہدہ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے، ملک ابرار احمد

امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی امن معاہدہ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے، ملک ابرار احمد

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے امریکہ اور ایران کے درمیان تاریخی امن معاہدے کو پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت پر عالمی اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مشترکہ دانشمندانہ حکمت عملی کی بدولت 47 سال بعد امریکی اور ایرانی صدور نے اسلام آباد کی دھرتی پر مذاکرات کئے۔ اس عظیم سفارتی کامیابی اور مسلح افواج کے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کا دفاع اور خارجہ پالیسی اب دنیا بھر میں ایک طاقتور اور موثر قوت بن کر ابھرے ہیں۔

منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ملک ابرار احمد نے وزارت دفاع اور حکومت پنجاب کی توجہ راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ کے دیرینہ مسائل کی طرف مبذول کراتے ہوئے کنٹونمنٹس کی سالانہ وفاقی گرانٹس کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کینٹ کی 30 لاکھ آبادی پینے کے پانی کے شدید بحران کا شکار ہے لہٰذا کینٹ کے لیے ایس ڈی جیز فنڈز مختص کر کے پانی کے نئے منصوبے شروع کیے جائیں۔ مزید برآں غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے 5 مرلہ گھروں کے پرانے ٹیکسوں کے تمام بقایاجات یکمشت ختم کیے جائیں، 10 لاکھ کی آبادی کیلئے کینٹ میں فوری طور پر ہسپتال قائم کیا جائے اور انتظامی بہتری کیلئے کنٹونمنٹ میں مزید نئے وارڈز بنا کر آبادی کو تقسیم کیا جائے۔

بجٹ کے معاشی پہلوئوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے موجودہ بجٹ کو خود انحصاری کی طرف اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے مڈل کلاس کیلئے ٹیکس سلیبس میں کمی، چھوٹے دکانداروں کیلئے ایک فیصد فکسڈ ٹیکس، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اور کم سے کم اجرت میں 10 فیصد اضافے کے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ ملک ابرار نے کینسر کی ادویات کے خام مال پر کسٹمز ڈیوٹی کے خاتمے، بی آئی ایس پی کے بجٹ کو 838 ارب روپے تک بڑھانے اور ستمبر 2026ء سے بجلی کی اوپن مارکیٹ کے آغاز کو انقلابی معاشی اصلاحات قرار دیتے ہوئے ان کی بھرپور تائید کی۔