پاکستان شاہینز اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سہ روزہ پریکٹس میچ ڈرا ہو گیا

165
West Indies
West Indies

راولپنڈی۔12جنوری (اے پی پی):پاکستان شاہینز اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سہ روزہ پریکٹس میچ ڈرا ہو گیا ۔ اتوار کو اسلام آباد کلب گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے اور آخری روز ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز 177 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی ، الیک اتھانازے نے 58 اور ٹیون املاچ نے 57 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ، علی رضا اور موسیٰ خان نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ۔

ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 134 رنز کی بدولت پاکستان شاہینز کو جیت کے لیے 312 رنز کا ہدف دیا ، شاہینز نے کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے ، محمد حریرہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 80 رنز کی اننگز کھیلی ، انہوں نے پہلی اننگز میں 74 رنز بنائے تھے ، عمیر بن یوسف 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد سلیمان صفر پر ریٹائرڈ انجرڈ ہوئے ، سعد خان 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دونوں وکٹیں جومل واریکین نے حاصل کیں ۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 17 جنوری سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔