مانسہرہ۔ 13 جنوری (اے پی پی):مانسہرہ میں جانوروں کے باڑے ک میں آتشزدگی سے 3 گائیں، 6 بکریاں ہلاک اور بھوسے کے 2 گودام جل کر خاکستر ہو گئے۔ ترجمان ریسکیو 1122 مانسہرہ کے مطابق بسم اللّہ مسجد کے قریب محمد خان نامی شخص کے جانوروں کے باڑے میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو 1122 کی 2 فائر ویکلز اور 8 فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
مالکان کے مطابق آگ نامعلوم وجہ سے لگی جس نے باڑے اور ساتھ جڑے دو بھوسے کے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو فائر فائٹر ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔ریسکیو فائر فائٹر ٹیم نے 40 منٹ کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ آگ لگنے سے 3 گائیں اور 6 بکریاں ہلاک جبکہ باڑے کے ساتھ 2 بھوسہ کے گودام مكمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کی فائر ٹیم کے بروقت ریسپانس کی وجہ سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک کر ساتھ جڑی ہوئی آبادی کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا ۔