شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،ڈپٹی کمشنر سوراب

92

کوئٹہ۔ 14 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سوراب ذوالفقار علی کرارنے کہا ہے کہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، انتخابی عمل میں مکمل غیر جانبداری، دیانت داری اور آئین و قانون کی پاسداری ضروری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز پریزائیڈنگ افسران کے ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص اپنی ذمہ داریوں کو پوری لگن اور ایمانداری سے انجام دے تاکہ عوام کا جمہوری عمل پر اعتماد بحال ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انتخابی عمل کے دوران نظم و ضبط اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ ان تربیتی سیشنز کا مقصد انتخابی عملے کو انتخابات کے دوران ان کی ذمہ داریوں اور فرائض سے آگاہ کرنا اور انتخابات کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تربیتی ٹریننگ میں پریزائیڈنگ افسران کے لیے تربیت کا مقصد انہیں انتخابی عمل، بیلٹ پیپرز کی ہینڈلنگ، ووٹرز کی رہنمائی اور نتائج کی ترسیل کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیا جا نا ہے۔

ضلعی انتظامیہ انتخابی عملے کے لیے بہتر سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات کررہی ہے تاکہ تمام عملہ بلا خوف و خطر اپنی ذمہ داریاں نبھا سکے ، سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے پولنگ ایجنٹس کو مناسب تربیت فراہم کریں تاکہ انتخابی عمل کے دوران کسی قسم کی بد نظمی نہ ہو۔ ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کے درست طریقہ کار کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے تاکہ ضائع شدہ ووٹوں کی تعداد کم ہو۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ان اقدامات کا مقصد انتخابی عمل کو مزید موثر اور شفاف بنانا ہے تاکہ جمہوری عمل میں عوام کا اعتماد بحال رہے۔اس ضمن میں بلوچستان میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے لیے پریزائیڈنگ افسران کی تربیت کا عمل جاری ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان ضلع سوراب نے انتخابی عملے کی تربیت کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ انتخابات شفاف اور منصفانہ طریقے سے منعقد ہو سکیں۔