اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایف آئی اے کو بیرون ملک انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندا چلانے والے انتہائی مطلوب سمگلروں کی حوالگی کے لئے انٹرپول سے تعاون حاصل کرنے کی ہدایت کرتےہوئے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے ذریعے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف انتہائی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سےجاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں انسانی سمگلنگ کے خاتمےکے لئے کئےگئے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیر اعظم نے حکم دیاکہ انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لئے تمام ادارے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندا چلا کر ملکی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف انتہائی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے ایف آئی اے میں افرادی قوت کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے اور ہوائی اڈوں پر بیرون ملک سفر کرنے والوں کی سکریننگ کا معیاری نظام قائم کرنے کی ہدایت کی ۔
انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کو غیر قانونی بیرون ملک سفر اور انسانی سمگلنگ کے بارے میں مؤثر آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ایف آئی اے کو بیرون ملک انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندا چلانے والے انتہائی مطلوب سمگلروں کی حوالگی کے لئے انٹرپول سے تعاون حاصل کرنے کی بھی حکم دیا۔
اجلاس میں انسانی سمگلروں کے خلاف اب تک کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔ اجلا س میں بتایا گیا کہ جون 2023 اور دسمبر 2024 کے انسانی سمگلنگ کے واقعات میں متعدد انسانی سمگلر گرفتار ہو چکے ہیں،متعدد سہولت کار سرکاری اہلکار برطرف ہو چکے ہیں اور کئی تادیبی کاروائی کا سامنا کر رہے ہیں،انسانی سمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف تعزیری اقدامات کئے جا رہے ہیں،
انسانی سمگلروں کے 500 ملین روپے سے زائد کے اثاثے ضبط ہو چکے ہیں اور مزید ضبط کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے،انسانی سمگلروں کے استغاثہ کے عمل کے لئے خصوصی پراسیکیوٹر تعینات ہو چکے ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی