ڈیرہ اسماعیل خان۔۔۔ 15 جنوری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ کی زیر صدارت پولیس افسران کی ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ میٹنگ میں ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشن نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ تفصیلات کے مطابق، میٹنگ کے دوران تمام افسران نے اپنے متعلقہ ڈویڑن، سرکل اور تھانوں کی جرائم کے حوالے سے کارکردگی کی تفصیلات پیش کیں۔ ڈی پی او ڈیرہ نے بریفنگ کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کو مزید موثر بنایا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں ڈی پی او ڈیرہ نے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو احساس تحفظ دینے کے لیے گشت کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے۔شہری حلقوں نے ڈی پی او ڈیرہ کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں علاقے میں جرائم پر قابو پانے میں نمایاں بہتری آئے گی۔