وزیر اعلی پنجاب کی کوآرڈینیٹر برائے پاپولیشن سائرہ افضل تارڑ کی زیر صدارت اجلاس، محکمہ کی کارکردگی و عوام کوفراہم سہولیات کا جائزہ لیا گیا

96

لاہور۔15جنوری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کی کوآرڈینیٹر برائے پاپولیشن سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ محکمہ بہبود آبادی کے افسران وزیر اعلی پنجاب کے وژن کو مد نظر رکھتے ہوئے عوامی خدمت کو اپنا شعار و نصب العین بنائیں،صوبہ بھر کے تمام پاپولیشن ویلفیئر افسران کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور متوازن خاندان بارے شعور و آگاہی کی فراہمی میں کسی قسم کی کو تا ہی سامنے نہ آنے پائے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے محکمہ بہبود آبادی پنجاب کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ثمن رائے، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن عدنان شہزاد،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر نائلہ الطاف و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں کوآرڈینیٹر برائے پاپولیشن نے محکمہ کی کارکردگی و مانیٹرنگ رپورٹس اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہو ں نے صوبہ بھر میں قائم محکمہ بہبود آبادی کے ہسپتالوں اور فلاحی مراکز کی پیش کردہ کارکردگی ر پورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے زور دیا کہ وہ شبانہ روز محنت سے ان کی ظاہری صورت حال کو مذید بہتر بنائیں۔ انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ملازمین کی حاضری،بہبود آبادی کی دستیاب سہولیات،عوامی آگاہی اور آبادی سے متعلق سہولیات کو دیگر محکموں کی باہمی مشاورت اور رضامندی سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ انہوں نے محکمہ کے افسران پر زور دیا کہ عوام کی آگا ہی اور دستیاب سہولیات کی بہتری کے لئے فوری طور پر مزید اقدامات عمل میں لائے جائیں۔