اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اور نگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سہولیات کی فراہمی اور معاشی ترقی کے عمل کو تقویت دینے میں پر عزم ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (اوآئی سی سی آئی ) کے صدر یوسف حسین سے ملاقات میں کہی۔
ملاقات کے دوران یوسف حسین نے معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے حکومت کی کو ششوں کو سراہا اور حکومتی دانشمندانہ اور مدبرانہ پالیسیوں کے نتیجے میں بہتر اقتصادی اشاریوں کے مثبت اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جاری اقتصادی بحالی اور مستقبل کے امکانات پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔
یوسف حسین نے آئندہ مالی سال 2024-25 کے وفاقی بجٹ کی مشاورت کے عمل کے دوران حکومت اور اوآئی سی سی آئی کے درمیان تعمیری مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت سازگار پالیسی فریم ورک کو جاری رکھتے ہوئے پالیسیوں میں تسلسل کو برقرار رکھے گی جو اقتصادی کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں۔
وزیر خزانہ نے بزنس کمیونٹی کے ساتھ مشاورت کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور بجٹ سازی کے عمل میں ان کی تجاویز و آراء کو مدنظر رکھنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد کاروبار کو سہولت فراہم کرنا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور معاشی ترقی کو مضبوط کرنا ہے۔ملاقات میں فریقین نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کے امکانات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔