پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کی ملاقات

194
ISPR
ISPR

راولپنڈی۔15جنوری (اے پی پی):بنگلہ دیش کی مسلح افواج ڈویژن کے پرنسپل سٹاف آفیسر لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کی قیادت میں بنگلہ دیش کے ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

بدھ کو آئی ایس پی آر سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ نے مشترکہ تربیتی اقدامات کے ذریعے دونوں فضائی افواج کے درمیان فوجی شراکت داری کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے تبادلے کے اقدامات اور مشترکہ تربیت سمیت تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن نے موجودہ قیادت میں پاک فضائیہ کے جدید منصوبوں، جدید ٹیکنالوجیز اور مقامی طور پر تیار کردہ تکنیکی فریم ورک کو سراہا۔

انہوں نے جدید ترین فوجی ہارڈویئر خاص طور پر جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی تیاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ، پاکستان ایئر فورس اور بنگلہ دیشی دفاعی وفد کے درمیان ملاقات دونوں ممالک کے درمیان فوجی شراکت داری، تعاون اور مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے پختہ عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔