پی ٹی اے اور وزارت تجارت کے مابین ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے استحکام اور تجارت کے فروغ کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

88
PTA
PTA

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وزارت تجارت (ایم او سی) نے پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز میں مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے جس کا مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تجارتی عمل میں آسانی لانا ہے۔ یہ مفاہمتی یادداشت ای کامرس، سائبر سکیورٹی اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ جیسے اہم شعبوں میں تعاون کے مقاصد کے پیش نظر اہم ثابت ہو گا جس میں معلومات کے تبادلے، استعداد کار اور کاروبار سے وابستہ صارفین کے لئے ایک مسابقتی ماحول کے فروغ کو مد نظر رکھا گیا ہے۔

مزید برآں ایم او یو سرحد پار تجارت کے فروغ کے ذریعے پاکستان میں تجارت اور عالمی مسابقتی عمل کی بہتری میں اہم ثابت ہو گا۔ جمعرات کو پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر ) حفیظ الرحمان نے ترقی یافتہ ڈیجیٹل معاشرے کے لئے جدت اور اشتراک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پی ٹی اے کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ سیکرٹری وزارت تجارت جواد پال نے ای کامرس کے فروغ اور ڈیجیٹل شمولیت کے عمل میں پی ٹی اے کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔

تقریب میں دونوں اداروں کے سینئر افسران، بشمول ڈائریکٹر جنرل (سٹرٹیجی اینڈ ڈویلپمنٹ) پی ٹی اے، احسن یار خان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل وزارت تجارت محمد اشرف نے شرکت کی۔اس اشتراک سے پاکستان میں ڈیجیٹل تجارتی ماحولیاتی نظام کے استحکام ، معیشت کے فروغ اور سماجی ترقی کےضمن میں نئے مواقع میسر ہوں گے۔